پنجی،23؍جنوری (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے اتوار کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جو زہر بویا تھا وہی اب کاٹ رہی ہے اور یہ اسی حقیقت سے ظاہر ہے کہ اس کے رہنماؤں نے پارٹی کو چھوڑنا شروع کر دیا ہے -
مسٹر چدمبرم نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے امیدوار متحد ہیں اور پارٹی کو ریاست میں ایک مستحکم حکومت بنانے کیلئے اکثریت حاصل کرنے کا بھروسہ ہے - انہوں نے کہاکہ گوا کی گذشتہ تاریخ کو دیکھتے ہوئے یہ اہم ہے - کانگریس پارٹی متحد ہوکر لڑے گی اور ہمیں امید ہے کہ یہاں کے عوام ہم پر یقین کریں گے-
بیٹنگ ریٹریٹ تقریب کی دھنوں کی فہرست سے اس بار گاندھی جی کے پسندیدہ عیسائی بھجن‘ابائیڈ وِد می’کو ہٹانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر چدمبرم نے کہا کہ اس پیش رفت سے ملک کے لوگوں کو چوٹ پہنچی ہے - انہوں نے کہاکہ یہ دُھن1950سے ہر سال سالانہ تقریب میں بجائی جاتی ہے - اس سکیولر بھجن کو گاندھی جی نے مقبول بنایا تھا- مجھے امید ہے کہ بہتر سمجھ قائم رہے گی اور اس بھجن کو بحال کر دیا جائے گا-
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان تمام امیدواروں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا- ہم طے کریں گے کہ اس کا اعلان ابھی کرنا ہے یا بعد میں - انہوں نے دعویٰ کیا کہ گوا میں کانگریس پارٹی کو ملنے والی حمایت کو دیکھ کر انھیں یقین ہے کہ عوام انھیں مستحکم حکومت کیلئے اکثریت دیں گے -